ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسمبلی انتخابات سے پہلے وقف بورڈ الیکشن منعقد ہوگا؟

اسمبلی انتخابات سے پہلے وقف بورڈ الیکشن منعقد ہوگا؟

Mon, 18 Dec 2017 11:13:46    S.O. News Service

بنگلورو،17/دسمبر (ایس او نیوز)ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے نوٹی فکیشن جاری ہونے اور ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے قبل کیاکرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کے انتخابات مکمل ہو کر نئے بورڈ کی تشکیل عمل میں آجائے گی؟ذرائع کے مطابق ریاستی اسمبلی کے لئے تازہ انتخابات ماہ اپریل کے آخری ہفتہ یاماہ مئی کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہوسکتے ہیں ۔ان انتخابات کے لئے دو ماہ قبل نوٹی فکیشن جاری کرنا پڑے گا۔ تب ہی سے ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہوجائے گا۔ اسمبلی انتخابات سے قبل اگر بورڈ کے لئے انتخابات منعقد کرنا ہے تو انتخابی کارروائی24؍ فروری2018 سے قبل مکمل کرنی ہوگی۔ کیا یہ ممکن ہے ۔متعلقہ وزارت اور وقف بورڈ الیکشن افسر واقعی اتنی دلچسپی لیتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ اسمبلی انتخابات کے لئے انتخابی ضابطہ نافذ ہونے تک انتخابات کی کارروائی مکمل کرلیں گے ؟ یہ اگلے دو تین دنوں میں معلوم ہوجائے گا۔ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود و اوقاف تنویر سیٹھ نے بروز پیر 18دسمبر کو ایک اہم بیٹھک بلائی ہے جس میں بورڈ کی الیکشن افسر و ریجنل کمشنر شریمتی جینتی کے علاوہ متعلقہ افسران شرکت کریں گے ۔اس بیٹھک میں اسمبلی انتخابات سے قبل بورڈ انتخابات کی کارروائی مکمل کرنے اگر وزیر موصوف اور الیکشن افسر سنجیدہ ہیں تو بیٹھک کے فوری بعد یا دوسرے دن الیکٹرول ( ووٹر فہرست ) جاری کرکے دعوؤں اور اعتراضات کانوٹی فکیشن جاری کرنا ہوگا ۔ اس کے لئے 36دنوں یعنی ایک ماہ 6دنوں کی مہلت دینی ہوگی۔ اس کے فوری بعد 37ویں یا 38ویں دن یعنی 19جنوری کو الیکشن کا کیلنڈر آف ایونٹ جاری کرناپڑے گا جس کے لئے 30دن درکار ہیں ۔اس طرح19یا 20فروری کو متولی زمرہ یا ضرورت پڑنے پر دیگر زمروں کے لئے پولنگ ہوئی تو اسی دن یا دوسرے دن نتائج کا اعلان ہوسکتا ہے ۔اس کے بعد مختلف زمروں سے بورڈ کے لئے اراکین کونامزد کرکے اس فہرست پر وزیراعلیٰ کی منظوری بھی لینی پڑے گی۔منظوری کے بعد ان اراکین کے درمیان بورڈ کے چیرمین کا انتخاب ہوگا۔ یہ سب کارروائی24یا 25فروری تک مکمل ہوجانی چاہئے ۔ اطلاع ملی ہے کہ الیکٹرول (ووٹر فہرست ) تین زبانوں کنڑا، انگریزی اور اردو میں تیار ہوچکی ہے ۔ بروز پیر18؍دسمبر کومعلوم ہوگا کہ متعلقہ وزارت اور الیکشن افسر بورڈ کے لئے انتخابات منعقد کرنے میں کتنے سنجیدہ ہیں ۔ بورڈ کے لئے انتخابات اب تک مکمل ہوجانا چاہئے تھا لیکن بورڈ انتخابات پر ہائی کورٹ اسٹے ( روک) لگادینے سے انتخابات کی کارروائی رک گئی۔ اسٹے اور اسٹے ہٹائے جانے کے درمیان ڈھائی مہینے سے بھی زیادہ کا وقت ضائع ہوگیا ہے ۔ جہاں یہ کارروائی رکی تھی اب وہیں سے تازہ کارروائی شروع کرکے دوبارہ نوٹی فکیشن جاری کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق اسمبلی انتخابات کا عمل شروع ہونے سے قبل بورڈ کے لئے انتخابات منعقد کرنے میں متعلقہ وزیر تنویر سیٹھ بھی اب سنجیدہ ہیں ۔اس لئے امید کی جارہی ہے کہ بورڈ کے انتخابات کی کارروائی اسمبلی انتخابات کانوٹی فکیشن جاری ہونے سے قبل ہی مکمل ہوجائے گی اور بورڈ کے لئے نئے چیرمین کا انتخاب بھی عمل میں آجائے گا۔ اس پر کس قدر عمل پیرائی ہوگی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔


Share: